بھارتی دارالحکومت نئی دلی سے گیارہ نعشیں برآمد


نئی دلی: بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں ایک مکان سے گیارہ نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔

دلی پولیس کے مطابق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ مرنے والوں میں سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے   آٹھ افراد کی نعشیں چھت سے لٹکی ہوئی ملی ہیں۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ  بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے خاندان نے گلے میں پھندا لگا کرخود کشی کی ہے۔ اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق فی الوقت حتمی طور پر کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا کیونکہ ایک 75 سالہ ضعیف العمر خاتون کی نعش گھر کے فرش سے ملی ہے۔

جاں بحق ہونے والے خاندان کے سربراہ کا ذریعہ معاش وہ سبزی کی دکان تھی جو دو منزلہ گھرہی میں قائم تھی۔ دکان روزآنہ صبح چھ بجے کھلتی تھی لیکن آج (بروز اتوار) جب صبح 7:30 بجے تک دکان نہ کھلی تو پڑوسی نے دروازہ بجایا مگر کوئی جواب نہ ملنے پر پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس اطلاع ملنے پر جب جائے وقوعہ پر پہنچ کرگھر میں داخل ہوئی تو وہاں سے پورے خاندان کی نعشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے ثبوت و شواہد جمع کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں