چیف جسٹس اور آرمی چیف فائرنگ کے واقعہ کو نوٹس لیں،رانا ثنااللہ


فیصل آباد: سابق وزیر داخلہ پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایم ایس کی اجازت کے بغیرایمرجنسی میں ریڈ کرکے ہمارے کارکنوں کو گرفتارکیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے زخمی کارکنان کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ  خلائی مخلوق کی ایما پر فائرنگ ہوئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس اورآرمی چیف اس واقعے کا نوٹس لیں۔

فیصل آباد میں ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلے ہیں اور اپنی منزل تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب کچھ انتخابات کا راستہ روکنے کی سازش ہے اور اسی لیے ہمارے بے گناہ کارکنان کو گرفتارکیا گیا ہے ۔

پی ایم ایل (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کا نام نوازشریف نے لیا ہے۔ انہوں کہا کہ  وضاحت کی ضروت ہوئی تو کردیں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنڈی کے شیطان نے اس معاملے کو غلط رنگ دینےکی کوشش کی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وقار واہلہ کے قتل میں دو پولیس اہلکار ملوث ہیں لیکن اس بات کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ کچھ غیرسیاسی قوتیں ملک میں سیاست کرنا چاہ رہی ہیں۔

فیصل آباد کے حلقہ انتخاب این اے 106 میں پی ایم ایل (ن) اورپی ٹی آئی کارکنان کے درمیان تصادم ہوا جس میں آٹھ افراد زخمی ہوئے اورآٹھ ہی افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔


متعلقہ خبریں