20 جولائی تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوجائے گی، بابریعقوب


اسلام آباد : سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ  20 جولائی تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کوشش یہی ہے کہ 55 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز بروقت  پہنچیں اور ان کی ترسیل میں رخنہ اندازی نہ ہو۔

پاکستان پرنٹنگ پریس کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ہم سیکیورٹی انتظامات پر مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی پاک فوج کے ذریعے کی جائے گی۔

بابر یعقوب سیکریٹری الیکشن کمیشن  نے بتایا کہ خیبرپختو نخوا اور فاٹا کےبیلٹ پیپرزچھپائی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بہت سارے پرنٹنگ پریس ایسے ہیں جنہں نے اپنے کام کی شروعات نہیں کی ہے لیکن جلد ہی وہ بھی کام شروع کردیں گے۔

انہوں  نے توقع ظاہر کی کہ الیکشن پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کی صورت حال بہت مضبوط و بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر کوئی خطرہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

25 جولائی 2018 کو ملک بھر میں منعقد ہونے والے انتخابات کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہورہی ہیں۔ ان تیاریوں کے ساتھ ہی انتخابات کے ملتوی ہونے کے متعلق افواہیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں