قافلے پر پتھر سازش کے تحت برسائے گئے، بلاول بھٹو

پیپلزپارتی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی | urduhumnews.wpengine.com

کراچی:  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری انتخابی مہم مخالفین سے برداشت نہیں ہورہی اس لیے سازش کے تحت ہمارے قافلے پر پتھر مارے گئے لیکن  ہم  پھانسی سے نہیں ڈرتے تو پتھر سے کیا ڈریں گے۔

کراچی کے علاقے ملیر میں پیپلز پارٹی کی ریلی کے دوران پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے اپنے وعدے پورے کیے، بلاول بھٹو بھی عوام سے کیے گئے  وعدے پورے کرے گا۔

بلاول بھٹو زرداری  کا  کہنا تھا کہ پورے لیاری نے گھروں  سے نکل کر خوش آمدید کہا، ہمارا صرف  سیاسی نہیں دلوں کا رشتہ ہے، ہمارا اور آپ کا رشتہ نسلوں  پرانا ہے۔

گلشن حدید میں ریلی سے اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ نون لیگ نے جان بوجھ  کر اسٹیل مل کو نقصان پہنچایا لیکن پیپلزپارٹی دیوار بن کر ان کے سامنے کھڑی ہو گئی، سندھ کے وزیر اعلیٰ  مراد علی شاہ نے کہہ دیا کہ اسٹیل مل نہیں بیچنے دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کارکنوں سے کہا کہ پیپلزپارٹی کو حکومت دلائیں تا کہ یہ مسئلہ حل ہو سکے،  میں بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر کا بیٹا ہوں، آپ میری طاقت بنو گے تو اپنے پہلے الیکش میں آپکے مسائل حل کروں گا، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی نیت خراب ہے، نون لیگ مزدور دشمن رہی ہے جبکہ دوسری جماعت صرف یو ٹرن لیتی ہے۔

بلاول بھٹو کی ملیر اور گلشن حدید  آمد  پر ریلی میں شریک پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، انہوں نے بلاول بھٹو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ماروی ملیر جی،  بے نظیر بے نظیر کے نعرے لگائے۔


متعلقہ خبریں