نوازشریف اور مریم نواز نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے مسلم لیگ نون کو انتخابی مہم چلانے کے لیے جلسوں کا شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت  کی ہے، شیڈول تیار کرنے کی ذمہ داری نون لیگ کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو سونپی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا تاہم ایک ہفتے میں ان کے پاکستان آنے کا امکان ہے، بیگم کلثوم نواز کا  پیر کے روز مکمل طبی معائنہ ہو رہا ہے، ان کا سی ٹی اسکین بھی کیا جائے گا جبکہ نوازشریف منگل کو ان کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹرز سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔

پیر کے روز ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ دعا کریں کلثوم نواز صحت یاب ہوں، جیسے ہی ان کی صحت بہتر ہو گی، میں جلد پاکستان واپس چلا جاؤں گا۔

بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر کی وجہ سے پچھلے کئی ماہ سے لندن میں زیرعلاج ہیں، نوازشریف اور مریم نواز عید سے قبل ان کی عیادت کے لیے لندن پہنچے تھے تاہم ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے اور مستقل بے ہوش اور وینٹی لیٹر پر رہنے کے باعث اب تک وطن واپس نہیں آ سکے۔


متعلقہ خبریں