تھوک کے چاٹتا تو ٹکٹ مل جاتا ، چودھری نثار علی خان


راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے  کہا ہے کہ 34 برس نواز شریف سے وفاداری نبھائی لیکن انہوں نے مجھے وفا کے بدلے بے وفائی دی۔ انہوں نے کہا کہ میرا قصور صرف یہ تھا کہ میں نے فوج اورعدلیہ سے لڑائی نہ کرنے کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تھوک کے چاٹتا تو ٹکٹ مل جاتا مگر میں ایسا نہیں کروں گا۔

راولپنڈی میں جسلہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ساری زندگی نواز شریف کو ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی جبکہ عمران خان نے کھلےعام کہا تھا کہ چوہدری نثار کو جتنے ٹکٹ چاہئیں میں دوں گا لیکن مجھے نہ نواز شریف اور نہ ہی عمران خان کے ٹکٹ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف میری زندگی کا مرکز تھے، ہم نے 30 سال سے زائد کا عرصہ ساتھ گزارا، اسی لیے آج میں ان کا حجاب رکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان والے بھی کہتے ہیں جس کے ساتھ 30 سال گزارو اس کا حجاب رکھو۔

سابق وفاقی وزیرداخلہ نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی آپ کو احساس ہوا کہ آپ کے بیان سے مجھے کتنا دکھ پہنچا؟ انہوں نے استفسار کیا کہ آپ کو میرے کس بیان سے تکلیف ہوئی؟  انہوں نے شکوہ کیا کہ آپ نے کل کے لوگوں کو  ٹکٹ بانٹے اور مجھے ٹکٹ نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے حرام اور جھوٹ کی سیاست کبھی نہیں کی اور نہ ہی مجھ پر بدعنوانی کا کوئی بدنما داغ ہے جبکہ آج پاکستان میں دولت کی ہوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی مل یا فیکٹری نہیں لگائی اورنہ ہی اپنے خاندان کی جیبیں بھریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ میں ہوس نہیں ہے۔

چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ میں نے فیس بک کے صدر کو پاکستان میں بلایا، اسلام دشمن خاکوں پرپابندی عائد کی اور کراچی میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کا آغاز بھی کیا۔


متعلقہ خبریں