رقم کے ساتھ بینک نے کھانے پینے کا بھی اہتمام کردیا


روم : صارفین کوبینک کی برانچوں تک جانا سب سے ’بوجھل‘ محسوس ہوتا ہے۔ شاید ! اس کا احساس بینکوں کی انتظامیہ کو بھی ہونے لگا ہے جبھی تو اٹلی کے ایک بینک نے اپنے صارفین کو برانچوں تک لانے کے لیے پیسٹری شاپس کھول دی ہیں۔ نتیجتاً! صارفین بینک سے رقم نکالنے کے ساتھ ساتھ کیک، پیسٹری اور کافی سے بھی لطف اٹھانے لگے ہیں۔

اٹلی کے شہر میلان میں ایک بینک نے صارفین کو برانچوں تک آنے کی ’رغبت‘ دلانے کے لیے پیسٹری شاپس کھول دی ہیں۔ بینک انتظامیہ کا اس ضمن میں مؤقف ہے کہ وہ اپنے صارفین کو اچھا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا چاہتی ہے۔

بینک انتظامیہ نے کیش کاؤنٹر کے ساتھ ہی کیک، پیسٹریاں اور بیکری کی دیگر چیزوں کے علاوہ کافی کی مختلف اقسام بھی رکھ دی ہیں۔ یہ شاپس بینک صارفین کو وقت گزارنے کا ایک اچھا موقع فراہم کرتی ہیں۔

بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ اس بینک کے صارف ہیں اور بینک میں آپ کا کام مکمل ہونے میں کچھ وقت لگ رہا ہے تو یقیناً آپ اپنی پسندیدہ پیسٹری، کیک اورکافی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اچھا وقت گزارسکتے ہیں اوراس دوران بوریت بھی محسوس نہیں کریں گے۔

اٹلی میں بینکوں کا کاروبار مندی کا شکارہے۔ مختلف بینکوں کی انتظامیہ اپنے صارفین کو بینکوں تک لانے کے لیے مختلف طریقے اپنا رہی ہیں۔ میلان میں واقع بینک انتظامیہ نے صارفین کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے لذت کام و دہن کا انتظام کردیا ہے۔

اٹلی کے بینک کی طرح اگر دیگر ممالک کے بینکوں کی انتظامیہ بھی پیسٹری شاپس کھول لیں تو عین ممکن ہے کہ بینک صارفین کی بڑی تعداد برانچوں تک جانے میں نہ تو تامل کرے اورنہ ہی انہیں یہ کام بوجھل محسوس ہو۔


متعلقہ خبریں