جو کام پیپلزپارٹی نے کیے وہ کافی نہیں، بلاول بھٹو


حیدرآباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعتراف کیا ہے کہ جو کام پیپلزپارٹی نے کیے وہ کافی نہیں ہیں تاہم جو کام سابق وزرائے اعلیٰ سندھ  قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ نے کیے ہیں وہ کسی نے نہیں کیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کررہی ہے کیونکہ ہم عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو گزشتہ 30 سالوں سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور اب جو لوگ پانی کا شور مچا رہے ہیں اُن سے ہی پوچھا جائے کہ کس نے پانی کا مسئلہ اُٹھایا ہے، یہاں پانی کے منصوبوں پر جتنا پیپلز پارٹی نے کام کیا ہے اتنا تو پنجاب یا خیبر پختونخوا نے بھی نہیں کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ترقی کے مختلف منصوبوں پر کام کیا ہے جبکہ پنجاب میں ساری ترقی صرف اشتہاروں پر ہی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات ہارنے اور جیتنے کے لیے نہیں صرف نظریات کے لیے لڑ رہی ہے جبکہ ہم اپنے مقصد پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی طرح ہر انتخابات میں الائنس بنتے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں جبکہ گزشتہ انتخابات میں بھی ہمارے خلاف دس پارٹی اتحاد بنا تھا، اس وقت جی ڈی اے کا الائنس کٹھ پتلی الائنس ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ملک میں جمہوریت قائم ہو اور ان کی یہ کوشش جاری رہے گی جبکہ ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں، دباؤ کے تحت پنجاب اور سندھ  سے لوگ پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں