’وہاں تو صرف ایک کپتان ہے‘

’وہاں تو صرف ایک کپتان ہے‘ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد کے حلقے این اے 53 سے انتخابی مہم کے آغاز کے موقع پر کہا کہ عائشہ گلالئی ہو یا عمران خان ہم مقابلے کے لیے تیار ہیں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جارہے ہیں۔

این اے 53 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں (پی ٹی آئی میں) ایک کپتان ہے، ہمارا ہر مسلم لیگی کپتان ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں میں نے دس مہینے پہلے کہہ دیا تھا کہ نیب عدالت سے نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کرپشن کے الزام یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف پر تھے لیکن انہوں نے دو سے تین پیشیاں بھگتی ہیں اور نواز شریف 100 پیشیاں بھگت چکے ہیں۔

سینئر لیگی رہنما چوہدری نثار کے معاملے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھر کی باتیں بازار میں بیان نہیں کی جاتیں، چوہدری نثار کو ٹکٹ کے لیے رجوع کرنا چاہیئے تھا لیکن انہیں جیپ مبارک ہو، جس نے بھی وفادری بدلی ہے اس کو جیپ کا نشان کیوں ملا؟ الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت نے ہمارے رہنما کے گھر چھاپہ مارا ہے۔ ہم دھرنوں اور ملک کو نقصان پہنچانے والی جماعت نہیں، ہم نے 2002 کا الیکشن برداشت کیا ہے یہ بھی برداشت کر لیں گے۔

اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ سے شاہد خاقان عباسی کے علاوہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان، جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم اور عائشہ گلالئی سمیت 30 سے زائد امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں