غلطی سے کیے گول پر سوئٹزرلینڈ باہر، سویڈن کوارٹرفائنل میں

غلطی سے کیے گول پر سوئٹزرلینڈ باہر، سویڈن کوارٹرفائنل میں | urduhumnews.wpengine.com

فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں غلطی سے ہوئے گول کی وجہ سے سوئٹزر لینڈ باہر ہو گیا جب کہ ایک، صفر سے کامیابی حاصل کر کے سویڈن کوارٹرفائنل مرحلے میں پہنچ گیا۔

منگل کو پری کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے میچ میں سویڈن اور سوئٹرزلینڈ نے بھرپور مقابلہ کیا۔ میچ کے اعدادوشمار نے سویٹزرلینڈ کی ٹیم کو غالب دکھایا لیکن کامیابی سویڈن کے نام ٹھہری۔

ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکی تھیں۔ اسی ہاف کے دوران 31 ویں منٹ میں سویڈن کے میکائل لوسٹگ کو ریفری نے حریف کھلاڑی کو گرانے پر پیلا کارڈ دیا جس کی وجہ سے وہ کواٹر فائنل کھیلنے والی ٹیم کا حصہ نہیں رہ سکیں گے۔

میچ کے 66 ویں منٹ میں سوئس کھلاڑی کی غلطی کی وجہ سے پہلا گول ہوا جو سویڈن کے حق میں گیا اور یہی میچ کا نتیجہ بھی بنا۔

سوئس کھلاڑیوں ویلون بہرامی اور گرانٹ زاکا کو بھی ریفری نے پیلا کارڈ دیا۔ اول الذکر کو ایک میچ کی معطلی جب کہ دوسرے کو انتباہ کیا گیا۔

فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں آج کا آخری میچ انگلینڈ اور کولمبیا کے مابین اب سے کچھ دیر بعد کھیلا جائے گا۔ اس میچ کا نتیجہ واضح کر دے گا کہ کون سی ٹیم کوارٹر فائنل میں سویڈن کے مقابل ہو گی۔


متعلقہ خبریں