اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی

اسٹاک مارکیٹ کا مثبت آغاز، 100 انڈیکس میں 91 پوائنٹس کا اضافہ

فوٹو: فائل


کراچی:  پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ  کے روز کاروبار کا آغاز منفی انداز میں ہوا، ہنڈرڈ انڈیکس میں 280 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی اور انڈیکس 41 ہزار 284  پر ٹریڈ ہوا۔

منگل کے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار رہا  تھا اور دن بھر کاروبار حصص میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال رہی،  شیئرز کی فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث 50.46 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 33 ارب 83 کروڑ 24 لاکھ  روپے سے زائد کی  کمی ہوئی البتہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری سرگرمیاں پیر کے مقابلے میں بہتر لیکن عمومی طور پر مایوس کن رہیں۔

منگل کو ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری کی جس کے نتیجے میں معمولی تیزی دیکھنے میں آئی اور دوران ٹریڈنگ  ہنڈرڈ  انڈیکس 41749  پوائنٹس کی بلند سطح  پر پہنچ گیا لیکن بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان بڑھنے کے باعث مارکیٹ کی تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی اور ایک موقع  پر انڈیکس 41513 پوائنٹس کی کم ترین سطح  پر آ گیا۔

بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے نچلی سطح پر خریداری سے انڈیکس میں بہتری آئی تا ہم مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 169.63 پوائنٹس کی کمی سے  41564.42  پوائنٹس پر بند ہوا۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 118.05 پوائنٹس کی کمی سے 20405.09 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 327.58 پوائنٹس کی کمی سے 70301.40  پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 97.03   پوائنٹس کی کمی سے 30329.70 پوائنٹس پر بند ہوا۔

منگل کو مجموعی طور پر 321 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 136 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 162 کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا، کاروباری سرگرمیاں  10 کروڑ 40 لاکھ  81 ہزار شیئرز تک محدود رہیں جو پیر کے 8 کروڑ 45 لاکھ  4 ہزار 630 شیئرز کے مقابلے میں بہتر تھا۔

بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی کے باعث سرمایہ کاری مالیت میں 33 ارب 83 کروڑ 24  لاکھ روپے سے زائد کی کمی ہوئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 86 کھرب 19 ارب 32 کروڑ 84 لاکھ روپے سے کم ہو کر 85 کھرب 85 ارب 49 کروڑ 60 لاکھ  روپے رہ گیا۔


متعلقہ خبریں