ظفر شاہ کا نون لیگ میں آخری دن، عابدی اختلافات پر شرمندہ


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ جمعرات کو پارٹی چھوڑ رہے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی نے پارٹی اختلافات پر شرمندگی کا اظہار کیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما ظفر علی شاہ نے  ہم نیوز کے مارننگ شو ’’صبح سے آگے‘‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون اور شریف خاندان کی تباہی کے ذمہ دار سابق وزیراعظم نواز شریف خود  ہیں اور اب شریف خاندان کو سزا سے انتخابات پر اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے وقت نواز شریف کو عدالت میں ہونا چاہیے جبکہ سپریم کورٹ حکم  دے  چکی ہے کہ  نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے تا ہم سیاست دانوں کے درمیان احترام کا رشتہ قائم رہنا چاہیئے۔

سینیٹر ظفر علی شاہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کے سسر ہیں اور وہ  پانچ جولائی کو باقاعدہ نون لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا کہ ہماری جماعت میں جو اختلافات تھے وہ اب ختم  ہو چکے ہیں اور ہمارے ووٹرز کسی الجھن کا شکار نہیں،  ووٹرز مصنوعی قیادت کو مسترد کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ تین دہائیوں سے ایم کیو ایم کو منتخب کرتے آئے ہیں کیونکہ ایم کیو ایم کے رہنما اور کارکن لوگوں میں رہتے ہیں۔

علی رضا عابدی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ مقابلے کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ لوگ عمران خان کے مقابلے میں ان کا انتخاب کریں گے اور ہم 25 جولائی کو جیت کر عوام  کو سرپرائز دیں گے۔


متعلقہ خبریں