شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں ہے، عمران خان


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں ہے،  پانامہ لیکس اپوزیشن نے افشا نہیں کیا تھا، لاہور میں بارش کے بعد کی صورتحال بھی اللہ کی پکڑ ہے۔

کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخری گیند نہ ہونے تک میچ نہیں جیتا جاتا، کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیئے، جب تک کراچی کا نظام نہیں بدلے گا، پاکستان نہیں بدل سکتا، کراچی والوں سے کہتا ہوں کہ وہ ریلیاں نکالیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں معاشی حالات کبھی اتنے برے نہیں تھے جتنے اب ہیں، بنگلادیش بھی ہم سے آگے چلا گیا ہے، عوام کے حالات برے ہوتے جا رہے ہیں، نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا اربوں کی مالیت کے گھر میں رہتا ہے، ان کے پاس کوئی جواب نہیں کہ اتنا پیسہ کہاں سے آیا۔

شہبازشریف پر اپنی تنقید میں پی ٹی آئی کے سربراہ  نے کہا کہ لاہور میں 40 ارب روپے کی ڈویلپمنٹ صرف اشتہاروں میں ہوئی تھی، نون لیگ اور پیپلزپارٹی نے پنجاب اور سندھ میں بہت باریاں کر لیں لیکن ابھی تک ان صوبوں کے حالات نہیں بدلے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پولیس کے ذریعے قتل کرائے گئے جبکہ کراچی میں راؤ انوار نے معصوم لوگوں کو مارا، خیبر پختونخوا میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات جیتنے کے لیے ہمارے پاس کافی نشستیں ہیں، پاکستان کو بدلنے کے لیے کراچی میں اقتدار ضروری ہے، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور ہمیشہ میرے دل کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے کے لیے پلان بنا لیا ہے، کراچی کی پولیس اور دیگر محکمے ٹھیک کریں گے، کراچی کو لندن کی طرح میٹروپولیٹن سٹی بنانا ہے۔


متعلقہ خبریں