شاہد خاقان عباسی کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج

فائل فوٹو


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج  کر دی ہے۔

سابق وزیراعظم کے خلاف ایڈووکیٹ غلام رسول نے درخواست دائر کی تھی کہ انہیں حلقہ این اے 53  سے نااہل قرار دیا جائے تاہم عدالت نے درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔

دوسری طرف شاہد خاقان عباسی کی این اے 57 سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سابق وزیراعظم  لاہور ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہو گئے، دوران سماعت شاہد خاقان عباسی کے وکیل خواجہ طارق نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے اپنے تمام اثاثوں کی مالیت ظاہر کی ہوئی ہے، کاغذات نامزدگی میں جو بھی پوچھا گیا اس کا جواب دیا گیا ہے۔

خواجہ طارق نے اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اپیلٹ ٹربیونل نے اختیار سے تجاوز کیا ہے، اس کے پاس کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کا اختیار ہے،  تاحیات نااہل کرنے کا اختیار نہیں۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ  شاہد حقان عباسی کی اپیل پر سماعت کر رہا ہے، گزشتہ سماعت پر عدالت نے ایپلٹ ٹربیونل کا فیصلہ معطل کر دیا تھا، عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جج صاحب نے کیس پر بات کرنے سے منع کیا ہے، میں نے حقائق عدالت کے سامنے رکھ دیے ہیں، ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو عدالتوں سے کوئی ڈر نہیں، انہوں نے 100 سے زائد پیشیاں بھگتی ہیں، کلثوم نواز کی طبیعت ٹھیک ہوتے ہی وہ واپس آ جائیں گے۔


متعلقہ خبریں