سہ فریقی ٹی ٹوینٹی سیریز میں پاکستان سات وکٹوں سے فاتح

سہ فریقی ٹی ٹوینٹی سیریز میں پاکستان سات وکٹوں سے فاتح | urduhumnews.wpengine.com

ہرارے: زمبابوے کے خلاف سہ فریقی ٹی ٹوینٹی سیریز کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی اور فائنل کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں ہونے والے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو یٹنگ کی دعوت دی۔ گرین شرٹس کے بالرز کی جانب سے خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کا نقصان یہ ہوا کہ زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا ڈالے۔

جواب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو قومی اوپنرز نے ٹیم کو 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ حارث سہیل 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، فخر زمان نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد اور حسین طلعت نے تیسری وکٹ کے لیے 43 رنز کی شراکت قائم کی۔ گرین شرٹس کا مجموعی اسکور 138 ہوا تو حسین طلعت 44 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس مرحلہ پر شعیب ملک وکٹ پر آئے اور میچ کے اختتام تک 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تہے۔

زمبابوے کی جانب سے سلومن مائر  نے سب سے زیادہ 94 رنز بنائے، مساکندا 33 اور زووائے 24 کے ساتھ دیگر نمایاں کھلاڑی رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، حسین طلعت، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گزشتہ میچ میں آسٹریلیا سے بدترین شکست کے بعد آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کی جگہ حارث سہیل اور عثمان خان کی جگہ فاسٹ بولر محمد عامر کو پلینگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔

سہ فریقی سیریز کھیلنے والی پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کی ٹیموں میں آسٹریلیا اپنے تمام میچز میں کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست جب کہ زمبابوے کسی بھی کامیابی سے محروم رہ کر آخری نمبر پر ہے۔


متعلقہ خبریں