شکریہ سندھ، بلاول آج سے جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے


کراچی: سندھ بھر میں شاندار عوامی اجتماعات پر بلاول بھٹو زرداری نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے شکریہ سندھ کہتے ہوئے اپنی انتخابی ریلیوں کی تصاویر بھی ٹویٹ کی ہیں۔

تین روزہ انتخابی مہم کے آغاز پر کراچی کے علاقے لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ ہوا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی رہنماؤں کی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، بلاول بھٹو نے اسے پیپلزپارٹی کے خلاف گہری سازش قرار دیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈوجام، شہداد پور، نواب شاہ اور سکھر سمیت کئی شہروں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی تشدد پر یقین نہیں رکھتی، ہم نے ہمیشہ محبت کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آ کر عوام کو فوڈ  کارڈ اور راشن کارڈ  دے گی جس کے ذریعے لوگوں کو سستا راشن مہیا کیا جائے گا۔

لیاری میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو کو ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا۔

بلاول بھٹو سندھ کا دورہ مکمل کر کے جمعرات کی شب صادق آباد کے قریبی قصبے کوٹ سبزل سے جمال دین والی پہنچے تھے جو سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا آبائی گاؤں بھی ہے۔

بلاول بھٹو  زرداری  جنوبی پنجاب کے 4 روزہ دورے کے آغاز کے لیے مخدوم ہاوس  جمال دین والی سے نواز آباد  جلسہ گاہ روانہ ہوں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی اوچ  شریف،  مظفرگڑھ اور ملتان بھی جائیں گے اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں