احتساب عدالت کے فیصلہ پر سیاسی جماعتوں کا ملا جلا ردعمل

احتساب عدالت کے فیصلہ پر سیاسی جماعتوں کا ملا جلا ردعمل | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ، پاکستان  پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے احتساب عدالت کے فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

عوامی ملسم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اللہ اور ناموس رسالت ﷺ کی پکڑ میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اورشاہد خاقان عباسی پر بھی مقدمات ہیں۔

احتساب عدالت کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے کو کرپشن پر سزا ہوئی جو ایک خوش آئند بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کبھی ایک سا نہیں رہتا، کبھی نہ کبھی انسان اللہ تعالیٰ کی پکڑ میں آ جاتا ہے اور یہی نواز شریف کے ساتھ ہوا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اورسابق  قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ احتساب عدالت کے فیصلے کا فائدہ نواز شریف کو پہنچے گا۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ فیصلہ غلط وقت پردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ آج سے تین ماہ قبل آنا چاہیے تھا۔

ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس کیس کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سید خورشید شاہ  نے کہا کہ الیکشن ہونے والے ہیں اس لیے نیب عدالت کے فیصلے کا فائدہ  نواز شریف کو پہنچ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف نے پارلیمنٹ کو اہمیت دی ہوتی تو یہ دن دیکھنے کو نہ ملتا لیکن انہوں نے کبھی کسی کو اہمیت نہیں دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیرخان ترین نے سوشل میڈیا پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے  کہا کہ آج پاکستان کے لیے بڑی فتح کا دن ہے کیونکہ آج یہ ثابت ہوگیا ہے کہ نواز شریف ایک چوراور منی لانڈر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف کو ان کے سوال ‘ مجھے کیوں نکالا’ کا جواب مل گیا ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نیب نے ایک تاریخی فیصلہ دیا ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف  نے احتساب عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ پارٹی کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں، ایک دوسرے کو مبارکباد دی اوراظہار مسرت کیا۔

احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کپیٹن (ر) صفدر کے خلاف دیئے گئے فیصلے پر سیاسی جماعتوں اوررہنماؤں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس پر جماعت اسلامی کا ردعمل دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور لاہور کے حلقہ این اے 135 سے قومی اسمبلی کے امیدوار امیرالعظیم کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ کیس میں احتساب عدالت کا فیصلہ انصاف کی فتح ہے، یہ فیصلہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کی جانب ایک قدم ہے، کرپشن کے تمام کرداروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد عدلیہ اور نیب کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، انصاف کا یہ سلسلہ بلا روک ٹوک آگے بڑھنا چاہیے اور کرپشن کے تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ فیصلہ یک طرفہ محسوس نہ ہو۔


متعلقہ خبریں