احتساب عدالت کا فیصلہ : پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ردعمل


اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کے متعلق آنے والے احتساب عدالت کے فیصلے پر پی ایم ایل (ن) کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں اورعلاقوں میں ردعمل ظاہرکیا جارہا ہے۔ کارکنان اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے پریس کلبوں پہنچے ہیں اور دیگرمقامات پرجمع ہوکر نعرے بازی کررہے ہیں۔

نگراں صوبائی حکومتوں اورضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اوراحتجاجی مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدرنے مانسہرہ میں اپنی انتخابی مہم کے دوران علاقہ عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ! قوم آج نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ وہی ہوا جو 28 جولائی کو ہوا تھا۔

گوجرانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد احتساب عدالت، عمران خان اورچودھری نثارعلی خان کے خلاف شدید نعرے بازی کرتی ہوئی سابق وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر کے گھرپر جمع ہوگئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

پشاور پریس کلب کے باہر بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نعرے بازی کرتے ہوئے جمع ہوئے ہیں۔ پی ایم ایل (ن) کے کارکنان اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ بھی کررہے ہیں۔

پی ایم ایل (ن) کے درجنوں کارکنان کراچی پریس کلب پرجمع ہوگئے ہیں اوراحتجاجی نعرے بازی میں مصروف ہیں۔ مظاہرین تسلسل کے ساتھ نواز شریف اور مریم نواز کے حق میں نعرے لگارہے ہیں۔ شہری انتظامیہ کی ہدایت پرپولیس کی بھاری نفری بھی کراچی پریس کلب کے اطراف پہنچ کرپوزیشنیں سنبھال چکی ہے۔

احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف سکھر میں شکارپور پھاٹک پرپی ایم ایل (ن) کے کارکنان جمع ہیں۔ کارکنان کی جانب سے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے جارہے ہیں اور عدالتی فیصلہ نامنظور کی صدائیں بھی بلند ہورہی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد چکوال میں ہو کا عالم ہے البتہ پی ایم ایل (ن) کے کارکنان مسلم لیگ سیکریٹریٹ پر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے بھون چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔

چکوال میں مسلم لیگ سیکریٹریٹ کے اندر یوتھ ونگ کا اجلاس ہوا ہے جس میں احتساب عدالت کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلوں سے نوازشریف کو عوام کے دلوں سے نکالا نہیں جاسکتا ہے۔

پاکستان کے سب سے مصروف تفریح مقام مری میں لیگی کارکنان نیب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ کارکنان کی جانب سے مال روڈ پر احتساب عدالت کے خلا ف اور قائد مسلم لیگ (ن) کے حق میں نعرے بازی کی جارہی ہے۔

متوالے کارکنان کا مؤقف ہے کہ کالے قانون کو نہیں مانتے ہیں۔ پنجاب کی نگراں حکومت نے صبح ہی سے مال روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی ہوئی ہے جو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

جڑانوالہ میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف (ن) لیگی کارکنان سخت ردعمل ظاہر کررہے ہیں۔ متوالے اپنی قیادت کے حق میں اور فیصلے کے خلاف نعرے بازی میں مصروف ہیں۔

بھاولپور میں سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کالی پٹیاں باندھ کر عوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پرامن احتجاج کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کو عوام کی عدالت سے یہ فیصلہ کالعدم کروائیں گے۔

صفدرآباد میں احتساب عدالت کا فیصلہ آتے ہی شہر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حق میں بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام نے مالا کنڈ میں نیب عدالت کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی فیصلے کی وجہ سے نہ تو تشدد کا راستہ اپنائیں گے اورنہ ہی انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے۔

جنرل (ر) پرویز مشرف اور چودھری برادران کا ساتھ چھوڑ کر پی ایم ایل (ن) سے وابستگی اختیارکرنے والے انجینئرامیر مقام نے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلے کو سیاہ فیصلے کے طورپر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اصل فیصلہ پاکستان کے عوام 25 جولائی کو سنائیں گے۔


متعلقہ خبریں