پاکستان ائیرفورس پر بنی فلم ’’پرواز ہے جنوں‘‘ کے ٹریلر کا اجراء

پاکستان ائیرفورس پر مبنی فلم ’’پرواز ہے جنوں‘‘ کے ٹریلر کا اجراء | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: مومنہ اینڈ درید فلمز اور ہم فلمزکی جانب سے سال 2018ء کی سب سے بڑی فلم ’’پرواز ہے جنوں‘‘کے ٹریلر کے اجراء کیلئے نیوپلیکس سینما میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں فلم کے مرکزی ستاروں کے علاوہ پاکستانی فلمی صنعت سے وابستہ نمایاں افراد جن میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، احد رضا میر، شفاعت علی خان، مرینہ خان، آصف رضا میر، حنا بیات خواجہ، فلم کی پروڈیوسر مومنہ درید، ہدایت کار حسیب حسن، مصنفہ فرحت اشتیاق، اذان سمیع خان، پاکستان ائیرفورس میڈیا افیئرز ڈائریکٹر ائیر کموڈور علی، ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی، ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر درید قریشی اور دیگر شامل تھے۔

فلمی ستاروں، میڈیا اور فلمی صنعت سے بھری تقریب کے دوران تالیوں کی گونج میں’’ پرواز ہے جنوں‘‘کی جھلکیاں پیش کی گئیں جسے حاضرین کی بھرپور فرمائش پر دوبارہ بھی چلایا گیا۔

اس فلم کے ٹریلر میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک اچھی فلم کی نشانی ہوتی ہیں۔ یہ فلم ایکشن، تھرل، رومانس، حب الوطنی، خوبصورت نظاروں اور جنگی طیارو ں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے جس میں اداکاروں کی جامع پرفارمنس، دل میں اُتر جانے والی موسیقی اور بہترین ہدایت کاری حقیقت کے رنگ بھرتی نظر آتی ہے۔

یہ فلم وطن کے ان جانبازوں کو خراج تحسین ہے جو ہماری فضائی سرحدوں کی حفاظت پر معمور ہیں اور وطن کیلئے جان نچھاور کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔

فلم کے ٹریلر کے ذریعے پیش کی جانے والی مسحور کن موسیقی کی جھلک نے حاضرین کے دل موہ لئے۔’’ناچے رے‘‘جسے جابر اور زیب بنگش نے گایا ہے اور عاطف اسلم کا ’’تھام لو‘‘ نے بھرپور دا د وصول کی۔

فلم کی مصنفہ فرحت اشتیاق نے حاضرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے اس فلم سے بے حد توقعات وابستہ ہیں۔ اس فلم میں شامل تمام افراد کی محنت کو دیکھتے ہوئے میں یقین سے کہہ سکتی ہو ں کہ یہ فلم ناظرین کے معیار پر پورا اُترے گی۔‘‘

فلم کے ہدایت کار حسیب حسن نے کہا کہ ’’میں اپنی پہلی فلم کے ٹریلر کے اجراء کے موقع پر بہت خوش ہوں۔’’پرواز ہے جنوں‘‘ عام فلم نہیں ہے ‘ یہ ہمارا وطن عزیز کی خاطر اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین ہے۔ آپ سب لوگ اس فلم کو ضرور دیکھیں انشاء اللہ یہ فلم آپ کے معیار پر پورا اُترے گی۔

فلم کی ہدایت کار مومنہ درید نے کہا کہ ’’پرواز ہے جنوں ‘‘بالاخر پرواز بھرنے کیلئے تیار ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم نے اس فلم کے موضوع کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ اس فلم کو بناتے ہوئے خاندانی تفریح کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ انشا ء اللہ ہمارے ناظرین اس فلم پر فخر محسوس کریں گے ۔

ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا ’’مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز نے ہمیشہ خواتین اور ملک کو اپنی پروڈکشنز میں آگے رکھا ہے۔ ’’پرواز ہے جنوں ‘‘ بھی اسی کا تسلسل ہے۔ یہ کہانی کے اعتبار سے ایک بہترین فلم ہے جس میں سب نے بہت زیادہ محنت کی ہے۔‘‘

مومنہ اینڈ درید فلمزکے بینر تلے بننے والی اس فلم کی کہانی فرحت اشتیاق کی تحریر کردہ ہے جب کہ فلم کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، احد رضا میر، شاز خان، کبری خان، شفاعت علی خان، آصف رضا میر، حنا بیات خواجہ، مرینہ خان، سعد قاضی و دیگر شامل ہیں۔

فلم کی ہدایت کاری حسیب حسن کی ہے جب کہ یہ فلم عید الاضحی کے موقع پر پوری دنیا میں ہم فلمز کے بینر تلے بیک وقت نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

فلم کا میوزک اذان سمیع خان نے ترتیب دیا ہے۔ یہ اذان سمیع خان کی بطور موسیقار پہلی فلم ہے جس میں انہوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں