آصف زرداری کے ساتھی حسین لوائی کا جسمانی ریمانڈ منظور


کراچی: آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار معروف بینکر حسین لوائی کا گیارہ جولائی تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 11 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

حسین لوائی کا کہنا تھا کہ میں بلڈ پریشر اور دل کے عارضے میں مبتلا ہوں، جنہوں نے غلط کام کیے وہ ملک سے باہر ہیں، مجھے پھنسا دیا گیا ہے۔

جمعہ کے روز ایف آئی اے حکام نے تقریباً 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں حسین لوائی کو اپنے دفتر طلب کیا، بعد ازاں انہیں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین لوائی اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے مختلف بینکوں میں 29 جعلی اکاؤنٹ کھولے جن میں جمع کرائی گئی رقوم بعد ازاں منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوئیں۔

 


متعلقہ خبریں