3 بینکوں کے صدور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

فائل : فوٹو


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے تمام بینکوں کے سربراہان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سمٹ بینک، سندھ بینک اور یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)  کے سربراہان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اتوار کو بھی جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات تک بینک سربراہان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی جب کہ عدالت کی جانب سے 29 جعلی بینک اکاؤنٹس رکھنے والے آٹھ  افراد کو بھی نوٹس جاری کردیے گئے۔

عدالت نے سمٹ بینک، یوبی ایل اور سندھ بینک کے سی ای اوز اور ایف آئی اے کے زیر حراست حسین لوائی کو بھی طلب کرلیا جب کہ سمٹ بینک کے اسٹیٹ بینک میں موجود سات ارب روپے ضمانت کی رقم کو بھی منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اکاوَنٹ ہولڈرز اور اسکینڈل میں ملوث تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے اسٹیٹ بینک کو حکم دیا کہ تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو متعلقہ تمام ریکارڈ کی حوالگی یقینی بنائی جائے۔

عدالت نے اسٹیٹ بینک کے سینئرافسران کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں