نواز شریف اور مریم نواز لاہور میں گرفتاری دیں گے


لاہور: سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اسلام آباد کے بجائے لاہور آئیں گے اور وہیں گرفتاری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب  شہبازشریف کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس میں کیا گیا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کے بھرپور اور تاریخی استقبال  کے لیے لاہور سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈرز، سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر رہنماؤں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

قبل ازیں ہفتہ کی رات سامنے آنے والی اطلاعات میں ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے  پر اتریں گے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں 11 برس قید اور بھاری جرمانہ کی سزا پانے والے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی جمعہ کو پاکستان پہنچیں گے۔

مریم نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ان کے والد اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے جمعہ کو واپس پاکستان آئیں گے۔

نواز شریف اپنی پہلے سے بیمار اہلیہ کی طبیعت زیادہ بگڑنے پر مریم نواز کے ہمراہ لندن گئے تھے۔

جمعہ کے روز احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کا محفوظ کردہ فیصلہ سنایا تھا جس میں نواز شریف کو گیارہ سال جب کہ مریم نواز کو آٹھ  برس قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں، مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کر دیا گیا تھا تاہم نیب سے تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر انہیں بھی ایک برس کی سزا سنائی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں