پاکستان میں جمہوریت دیکھنے والوں کی لڑائی ہم لڑیں گے ، مریم نواز

سیاسی معاملات سیاسی قیادت کو ہی حل کرنے دیں، مریم نواز

لندن/اسلام آباد:  سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت دیکھنے والوں کی لڑائی ہم لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی ہم دیں گے، فائدہ  قوم اور آنے والی نسلوں کا ہو گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیاسی لیڈرز سزا کا سن کربھاگ جاتے ہیں لیکن ہم آئیں گے۔ انہوں نے چند دنوں میں لاہور پہنچنے کا عندیہ دیا۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  میاں صاحب نے قدم بڑھا دیا ہے اور قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ذرائع نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے  پر اتریں گے۔

مریم نواز نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ان کے والد اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے جمعہ کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی پہلے سے بیمار اور اسپتال میں داخل اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت زیادہ بگڑنے پر صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن گئے تھے۔

جمعہ کے روز احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ (لندن فلیٹس)  ریفرنس کا محفوظ کردہ فیصلہ سنایا تھا جس میں نواز شریف کو گیارہ سال اور مریم نواز کو آٹھ  برس قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ دونوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے تھے۔

مریم نواز کے شوہر کیپٹن ( ریٹائرڈ)  صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کر دیا گیا تھا تاہم نیب سے تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر انہیں بھی ایک برس کی سزا سنائی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں