نوازشریف نے کچھ کیا ہوتا تو واپسی کا اعلان نہ کرتے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف اورمریم نواز نے کچھ نہیں کیا، اگرانہوں نے کچھ کیا ہوتا تووطن واپسی کا اعلان نہ کرتے۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیصلے میں نواز شریف کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی اور اسی لیے سابق وزیراعظم مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز نے جمعہ کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے وطن واپسی کے لیے لاہور آمد کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے تاحیات قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کے لیے لاہور سے تعلق رکھنے والے تمام سابق اراکین اسمبلی اور انتخابی ٹکٹ ہولڈرز کو ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں۔

جن پارٹی رہنماؤں کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں وہ کارکنان کو متحرک اور منظم کر کے استقبال کےلیے ایئرپورٹ پہنچانے کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔


متعلقہ خبریں