کیپٹن (ر) صفدر نے دلیرانہ گرفتاری دی اس پر خوشی ہے، مریم صفدر

فوٹو: فائل


لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے خاوند کی گرفتاری دینے  پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ کپیٹن (ر) صفدر نے شیر کی طرح دلیرانہ طریقے سے گرفتاری دی۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ ( میڈیا)  سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  کپیٹن (ر) صفدر نواز شریف کے سپاہی ہیں اسی لیے انہوں نے شیر کی طرح دلیرانہ طریقے سے گرفتاری دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دینے کی ضرروت بھی نہیں پڑی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام اب خود میاں صاحب کی مہم چلائیں گے اور نواز شریف سے ہو نے والی ناانصافیوں کا بدلہ بھی عوام لیں گے  کیونکہ آج ثابت ہوگیا کہ قوم سب جانتی ہے اور ہمارے ساتھ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کی صاحبزادی نے کہا کہ میں مریم نواز اور میری پہنچان نواز شریف ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ  ہم سب ووٹ کو عزت دو کے جھنڈے تلے جمع ہیں اور ووٹ کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ میں بے نظیربھٹو کی جدوجہد کی قدر کرتی ہوں، انہوں نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں اور اب  پاکستان میں جمہوریت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ میں اور میاں صاحب (نواز شریف) جمعرات کو لندن سے روانہ ہوں گے اور پروازای وائے 243  سے  براستہ ابو ظہبی جمعہ کی شام چھ بج کر 15 منٹ پرلاہورپہنچیں گے۔


متعلقہ خبریں