اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے مثبت آغاز کے بعد شدید مندی


کراچی: پیر نو جولائی کو کاروباری ہفتہ کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا تاہم کچھ دیر بعد ہی شدید مندی دیکھی گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 560 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار722  پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے تناظر میں سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ ہفتہ مجموعی طور پر مندی رہی جس کے نتیجے میں پی ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 41 ہزار کی نفسیاتی حد بھی کھو بیٹھا اور 1626.76 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40284.14 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں تین کھرب چھ ارب 71 کروڑ 71 لاکھ  روپے کی کمی ہوئی اور حصص کے لین دین کے لحاظ  سے کاروباری سرگرمیاں بھی مایوس کن رہیں۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے پہلے چار روز مندی رہی جب کہ آخری روز بھی ایون فیلڈ فیصلہ سنائے جانے سے قبل مندی کا رجحان برقرار رہا لیکن فیصلہ منظر عام پر آتے ہی اسٹاک مارکیٹ کا منفی رجحان مثبت ہو گیا تھا۔

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے سے قبل بھی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو شدید اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا لیکن فیصلے کے بعد حصص کی خریداری بڑھنے سے تیزی غالب آ گئی اور پی ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 45.33 پوائنٹس اضافے سے 40284.14 پوائنٹس کی سطح  پرآ گیا جب کہ 53  فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں پانچ کروڑ 91 لاکھ  67 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا البتہ حصص کے لین دین کے لحاظ سے کاروباری سرگرمیاں صرف دس کروڑ 38 لاکھ 93 ہزار شیئرز تک محدود رہیں۔

اسٹاک ماہرین نے آئندہ ہفتہ محدود پیمانے پر ریکوری آنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں