جرمن سفیر پاکستان کی گلیوں کے اسیر، فالودے کے دلدادہ


اسلام آباد: جرمن سفیر مارٹن کابلر نہ صرف سوشل میڈیا پر متحرک ترین سفیر کے طور پر سامنے آئے ہیں بلکہ پاکستانی عوام کے بھی مقبول ترین غیرملکی سفیر بن گئے ہیں۔

وہ سوشل میڈیا پر پاکستان کے مختلف علاقوں کی تعریف میں مگن رہتے ہیں اور وہاں کی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں، شمالی علاقہ جات کے خوبصورت مناظر ہوں یا کراچی کی دکان کی بریانی، جرمن سفیر ہر جگہ پہنچ  کر پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھتے نظر آتے ہیں۔

ایک عوامی سفیر کے طور پر اپنی پہچان بنانے والے مارٹن کابلر نے سڑک کنارے بیٹھے حجام سے بال کٹوائے اور اس کی تصاویر ٹویٹ کر دیں، شمالی علاقہ جات کی جھیلوں میں نہائے تو اس کے مناظر بھی سوشل میڈیا پر ڈال دیے۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں، کبھی وہ لاہور میں سیوریج کے پانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں تو کبھی راول جھیل کے خشک ہونے پر مضطرب دکھائی دیتے ہیں، اسی طرح وہ لاہور گئے تو وہاں کی افغان بستی کی حالت زار پر فکرمندی کا اظہار کرتے رہے۔

قومی ایئرلائن کا سفر کرتے ہوئے انہوں نے تعریفی کلمات ادا کیے، کراچی ریلوے اسٹیشن پر گئے تو ملازمین سے گھل مل گئے، سڑک کنارے فالودہ بھی کھایا اور تصاویر ٹویٹ کر دیں۔

جرمن سفیر ماٹن کوبلر اس وقت پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں پیش پیش ہیں جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی مقبول ترین شخصیات میں شامل ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں