پی ٹی آئی کا ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے  بلین ٹری منصوبہ ملک بھر میں بھی شروع  کرنے کا  فیصلہ کر لیا ہے جس پر عملدرآمد تحریک انصاف کے بر سراقتدار آنے کے بعد کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ درخت لگانے کا فیصلہ ماحولیات بہتر بنانے کے لیے کیا ہے،  حکومت ملی تو دس ارب درخت لگانے کا ہدف  مقرر کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح  پر سراہا  گیا،  کے پی میں بلین ٹری منصوبہ ماحولیات کے لیے بڑی نعمت ہے۔

اس سے پہلے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے شجر کاری کا منصوبہ ’بلین ٹری سونامی’ کامیابی سے مکمل کیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر ایک ارب درخت لگائے گئے تھے۔

ماحولیات  کے تحفظ کے لیے سرگرم عالمی ادارے آئی سی یوان کے مطابق بلین ٹری سونامی منصوبے سے خیبر پختونخوا کا شمار دنیا کے ان صوبوں میں ہونے لگا ہے جس نے عالمی معاہدے ‘بون چیلنج’  کے تحت تین لاکھ  پچاس ہزار ہیکٹر رقبے  پر پودے لگانے کا ہدف پورا کیا ہے۔

بون چیلنج ایک عالمی معاہدہ ہے جس کے تحت دنیا کے درجنوں ممالک 2020 تک 150 ملین ہیکٹر رقبے  پر جنگلات میں اضافہ کریں گے۔

بلین ٹری سونامی منصوبے کے لیے 2013 میں  ٹاسک فورس بنائی گئی تھی  تا ہم اس کا باقاعدہ آغاز 2015  میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کیا تھا۔

پاکستان دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں جنگلات تیزی سے ختم  ہو رہے ہیں جبکہ پاکستان دنیا  کے ان سات ممالک میں بھی شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور ان کے تباہ کن اثرات سے  ہر سال ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں