عمران خان ’بے کار‘، اثاثے بھی کم ہو گئے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کی ویب سائٹ پر عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کے اثاثوں کی مالیت تین کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے ہے۔

پی ٹی آئی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے بنی گالہ جائیداد کی مالیت ایک کروڑ 14 لاکھ  71 ہزار روپے ظاہر کی ہے، اسی طرح بنی گالہ میں ہی مزید چھ کنال اراضی کی مالیت 50 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔

ان کی ملکیت میں کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے، عمران خان کے پاس دو لاکھ روپے کے مویشی اور پانچ  لاکھ  کا فرنیچر ہے، عمران خان نے گرینڈ حیات پلازہ میں دو بیڈ کا فلیٹ ظاہر کیا جس کی مالیت ایک کروڑ 19 لاکھ  70 ہزار روپے بنتی ہے۔

ویب سائٹ پر دی گئی تفصیلات کے مطابق رواں سال ان کے اثاثوں میں 23 لاکھ  دو ہزار روپے کی کمی ہوئی، انہوں نے 168 ایکڑ زرعی اراضی پر تین لاکھ 19 ہزار ٹیکس ادا کیا جبکہ ان کی سالانہ آمدن 47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے ظاہر کی گئی ہے جس پر انہوں نے ایک لاکھ  تین ہزار 763 روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔

عمران خان نے زیرکفالت افراد میں بیوی بشرٰی بی بی اور بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کو ظاہر کیا ہے، ان کا بیان حلفی بھی پارٹی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں