دو پاکستانی سیٹلائٹ چین سے لانچ کر دیے گئے


اسلام آباد: پاکستان نے اپنے دو سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کر دیئے ہیں جن سے  سیلاب اور قحط  جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں سیٹلائٹ  چین سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح  آٹھ  بج  کر 57  منٹ  پر لانچ کیے گئے اور ان میں جی پی ایس اور جی آئی ایس کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

دونوں سیٹلائٹ مکمل طور پر پاکستان میں تیار کیے  گئے ہیں اور ان سے ڈیٹا کولیکشن، پلاننگ، ریسورس مینجمنٹ اور معیار زندگی بہتر بنانے کی حکمت عملی تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان سٹلائٹس سے زمینی وسائل کے سروے اور قدرتی آفات کی مانیٹرنگ میں مدد ملے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سیٹلائٹ کی تیاری سے  پاکستان  کا بیرونی دنیا پر کمرشل انحصار انتہائی کم ہو جائے گا اور وہ بنیادی ضروریات کے لیے اپنے وسائل پر بھروسہ کر سکے گا۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنی ٹویٹ میں سیٹلائٹ لانچنگ کو خوابوں کی تعبیر قرار دیا ہے۔

سیٹلائٹس سے بارش کے  پانی کی مقدار کو جانچنے اور اسٹوریج کی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی جبکہ ان سیٹلائٹس سے پاکستان میں جنگلات کی صورت حال پر بھی نظر رکھی جا سکے گی اور ان کی مانیٹرنگ ہو سکے گی۔


متعلقہ خبریں