نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری : نیب نے حکمت عملی تیارکرلی


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے صاحبزادی مریم نوازکی وطن واپسی پرگرفتاری کےلیے قومی احتساب بیورو(نیب) لاہورنے ہیڈ کوارٹر سے مشاورت کرکے حکمت عملی ترتیب دے لی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چار ٹیمیں تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ نیب کی جانب سے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے اور ملزمان کی تقل و حمل کے لیے بکتر بند گاڑیاں استعمال میں لانے کے آپشن بھی زیرغور ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے تشکیل کی جانے والی چار ٹیموں میں سے دو ٹیمیں اسلام آباد اور دولاہورائیرپورٹ پرتعینات کرنے پربھی غور کیا جارہا ہے۔

نیب ذرائع نے  بتایا کہ چاروں ٹیموں میں سات اہلکار موجود ہوں گے جنھیں پولیس کی مدد و معاونت بھی حاصل ہوگی۔ تشکیل دی جانے والی ٹیموں میں  ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کےعلاوہ نیب آئی اینڈ ایس کے اہلکاربھی شامل ہوں گے جو ایئرپورٹ سے ملزمان کو حراست میں لینے کے مجاز ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی غورکیا جارہا ہے کہ نواز شریف اورمریم نواز کولاہورایئرپورٹ پرگرفتارکر کے  حج ٹرمینل سے باہر لایا جائے ۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد منتقل کرنے کےانتظامات  کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی  ہنگامی صورتحال میں بکتر بند گاڑی کے استعمال سمیت دیگر آپشنز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ  ملزمان کی گرفتاری کے بعد انہیں نیب لاہور کی حوالات بھیجا جائے گا اور پھر انہیں جیل منتقل کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں