حج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا گیا


اسلام آباد: سرکاری اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے والے حاجیوں کے لیے پروا زوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ شیڈول کے تحت  پہلی حج پرواز 14 جولائی کو روانہ ہوگی۔ پہلے دن پشاور، اسلام آباد، لاہور،سکھر اور کراچی سے پروازیں روانہ ہوں گی۔

عازمین حج اپنا شیڈول ایس ایم ایس اور ویب سائٹ پر بھی دیکھ سکیں گے۔

ترجمان مذہبی امور کی جانب سے عازمین حج کو اپنی پرواز سے دو دن قبل حاجی کیمپ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عازمین کو پاسپورٹ ، ٹکٹ اور گلے کے لاکٹ متعلقہ حاجی کیمپ پر مہیا کئے جائیں گے۔ حاجی کیمپوں پر ویکسین کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔

کراچی سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز صبح دو بجکے 25 منٹ  پر روانہ ہو گی، اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز صبح سات  بجے روانہ ہو گی۔ ملتان سے پہلی پرواز 15 جولائی کو 180 عازمین حج کو لے کر روانہ ہو گی، فیصل آباد سے جدہ کے لیے پہلی پرواز 17 جولائی کو روانہ ہو گی۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق پہلے دو دن میں ساڑھے پندرہ سو عازمینِ حج مدینہ منورہ کے لیے روانہ  کیے جائیں گے ۔ حجاج کرام کی وطن واپسی 28 اگست سے شروع ہو گی۔

رواں سال پاکستان سے کل  179,210 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت  اور 59,210  افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔


متعلقہ خبریں