صادق سنجرانی ڈیم فنڈ میں 15 لاکھ روپے عطیہ دیں گے


اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے کہا کہ پانی کی قلت ایک اہم قومی مسئلہ ہے اور اس وقت حالات اس قدر سنگین ہوچکے ہیں کہ ملک میں واٹر ایمرجنسی کا نفاذ لازمی ہوگیا ہے۔

انہوں نے پیر کے روز مہمند اور دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ کا قیام احسن اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

یہ بھی دیکھیں: ڈیموں کی تعمیر کے لیے اکاؤنٹ حکومت نے نہیں کھولا ۔ چیف جسٹس

قائمقام صدر نے دونوں ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں ذاتی طور پر رقم دینے کا اعلان کرتے ہوئے قوم اور خاص طور پر سمندر پار پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ بھی اس اہم کام میں اپنا حصہ ڈالیں کیوں کہ یہ ہماری آنے والی نسلوں اور پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے۔

پاکستان میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ کے حکم پر دونوں ٹیموں کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ منگل کو جاری ہونے والے اعدادوشمار میں بتایا گیا تھا کہ ڈیم فنڈ کے لیے اب تک 13 لاکھ روپے سے زائد رقم جمع ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں