امریکی کمپنی نے خلائی ہوٹل متعارف کرا دیا

امریکی خلائی کمپنی اورئن اسپین نے خلائی ہوٹل متعارف کرا دیا | urduhumnews.wpengine.com

ہیوسٹن: امریکی خلائی کمپنی ’اورائن اسپین‘ نے ہوٹل کی طرح کام  کرنے والا  ایک خلائی اسٹیشن ’ارورا‘ متعارف کرا  دیا ہے۔

ارورا اسٹیشن کا یہ ہوٹل زمین سے دو سو میل اوپر موجود ہو گا جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ 2020 تک لوگ اس میں سفر کر سکیں گے۔

سلنڈر کی شکل کا یہ ہوٹل بنیادی طور پر ایک راکٹ کے اندر فٹ ہوگا، اس میں بیک وقت  چھ افراد  کے قیام  کی گنجائش ہوگی جن میں چار مہمان اور عملے کے دو افراد  شامل ہوں گے جو خلا باز ہوں گے۔

خلا میں واقع اس خصوصی ہوٹل میں 12 روز قیام  کے لیے ہر فرد کو ایک ارب نو کروڑ 40 لاکھ  پاکستانی روپے ادا کرنے ہوں گے۔

’اورائن اسپین‘ کمپنی کے بانی فرانک بنگر کا کہنا ہے کہ ہوٹل زمین کے گرد 90 منٹ میں ایک چکر مکمل کرے گا۔

فرانک بنگر نے مزید بتایا کہ ہوٹل میں موجود مہمان 24 گھنٹے کے دوران 16 بار سورج  کو طلوع اور غروب ہوتے دیکھ سکیں گے۔

ارورا اسٹیشن کے ہوٹل کی تعمیر اگلے سال امریکی ریاست ٹیکساس میں ہوگی تاہم سفر کے خواہشمند افراد 80 لاکھ روپے میں آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

امریکی خلائی کمپنی ’اورائن اسپین‘ کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے مہمانوں کو خلا میں لے جانے سے قبل  تین ماہ کی تربیت دی جائے گی۔

ہوٹل میں ایک تحقیقی لیبارٹری،  کھانے اگانے کے لیے جگہ، وائرلیس انٹرنیٹ اور ورچوئل رئیلیٹی کے ذریعے مختلف مناظر دکھانے والی مشین موجود ہوگی۔


متعلقہ خبریں