اسٹاک مارکیٹ میں پھر مندی، انڈیکس سال رواں کی کم ترین سطح پر


کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کا آغاز منفی رہا  اور شروع  میں ہی کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس میں 50 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہو گئی، کاروبار کے دوران انڈیکس 39 ہزار 231 پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدترین مندی کا رجحان  گذشتہ ہفتے سے جاری ہے اور اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتہ کے آغاز پر پیر کے روز بھی مندی کے گرداب سے نہ نکل سکی۔

پیر کو ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1008 پوائنٹس گرگیا جس سے مارکیٹ 40 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے نیچے گر گئی اور انڈیکس 39200 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔

مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 176 ارب روپے ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 83 کھرب روپے سے کم ہو کر 81 کھرب روپے پر آ گیا۔

ماہرین نے اسٹاک مارکیٹ کی موجودہ مندی کی وجہ بورڈ  آف ڈائریکٹرز کے رکن حسین لوائی کی گرفتاری کو قرار دیا تاہم شدید ترین مندی کے دیگر عوامل میں منافع خوری کی خاطر فروخت کا دباؤ اور سرمائے کا انخلا  شامل تھے جن کے سبب اسٹاک مارکیٹ ٹریڈنگ کے دوران زیادہ وقت تنزلی کا شکار دیکھی گئی۔

کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب  76 ارب 52 کروڑ 55 لاکھ  چار ہزار 606 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، سرمائے کا مجموعی حجم 83 کھرب 58  ارب 32 کروڑ 79 لاکھ  94 ہزار 936 روپے سے کم ہو کر 81 کھرب 81 ارب 80 کروڑ 24 لاکھ  رہ گیا ۔


متعلقہ خبریں