پیپلزپارٹی کے بڑوں کی اہم بیٹھک آج شام ہو گی

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس منگل کی شام بلاول ہاؤس لاہور میں ہو رہا ہے جس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جانے، سیاسی صورتحال اور انتخابات پر پارٹی کے تحفظات سمیت  دیگر اہم امور پر مشاورت ہو گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے، اجلاس میں سید خورشید شاہ، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویزاشرف، نیر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ، اعتزاز احسن، فرحت اللہ بابر اور دوسرے سینئر قائدین شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں انتخابات کے بارے میں پیپلزپارٹی کے تحفظات، الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کے رویے اور آصف زرداری اور فریال تالپور کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر مشاورت ہو گی، اس کے علاوہ نوازشریف کو سزا سنائے جانے کے بعد کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کی حکمت عملی بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اجلاس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی سیاسی سرگرمیوں میں ڈالی جانے والی رکاوٹوں پر بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انتخابی مہم اور بلاول بھٹو کے دوروں کا فیصلہ ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی کارروائیوں کے بعد آصف علی زرداری نے سابق وزیرداخلہ رحمٰن ملک کو فوری طور پر طلب کر لیا ہے اور وہ اسلام آباد سے لاہور روانہ ہو گئے ہیں جہاں ان کی آصف علی زرداری سے ملاقات ہو گی، ملاقات میں ایف آئی اے کی تازہ ترین کارروائیوں کے علاوہ دیگر اہم امور پر بھی مشاورت ہو گی۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ سندھ  بھر میں شہریوں نے بلاول بھٹو پر عقیدت  کے پھول نچھاور کیے جبکہ پنجاب میں ان کا والہانہ استقبال جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پر بڑھتے ہوئے عوامی اعتماد نے مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں، پیپلزپارٹی کی بنیاد عوامی قوت پر رکھی گئی ہے، عوامی عدالت سے اس بار بھی سرخرو ہوں گے۔

اجلاس کے بعد پارٹی کے فیصلوں پر میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں