تربیلا ڈیم تیسرے روز بھی خالی


اسلام آباد: ملک بھر میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ  سے تربیلا  ڈیم تیسرے دن  بھی خالی رہا جب کہ منگلا  ڈیم  سے پانی کا اخراج شروع  کر دیا گیا ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا ) کے مطابق تربیلا  ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ تیسرے دن بھی نہ کیا جا سکا، ڈیم سے پانی کا اخراج ایک لاکھ 22 ہزار کیوسک ہے جب کہ ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ 23 ہزار کیوسک ہے، اس وقت تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد  اور اخراج برابر ہے۔

تربیلا ڈیم میں پانی کا  ڈیڈ لیول ایک ہزار 386 فٹ ہے جب کہ تربیلا ڈیم کا انتہائی لیول ایک ہزار 550  فٹ ہے۔

ارسا حکام کے مطابق پہاڑوں پر گرمی بڑھنے سے تربیلا ڈیم میں بدھ کے روز سے پانی کی آمد میں بہتری ہو سکتی ہے۔

ترجمان ارسا کے مطابق منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج شروع کر دیا گیا ہے، آٹھ سے نو دنوں میں سندھ  کے پانی کے حصے میں پانچ سے دس ہزار کیوسک اضافہ کردیا جائے گا۔

منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 39 ہزار کیوسک ہے جب کہ ڈیم سے پانی کا اخراج 55 ہزار کیوسک ہے، منگلا ڈیم کا ڈیڈ لیول ایک ہزار 50 فٹ ہے، اس وقت  ڈیم میں پانی کی سطح گیارہ سو 20  فٹ ہے جب کہ منگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح ایک ہزار 242  فٹ ہے۔

اسی طرح چشمہ جھیل بھی ڈیڈ لیول تک پہنچ گئی ہے، بدھ کے روز سے سندھ اور پنجاب کے پانی میں دس سے پندرہ فیصد تک کٹوتی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں