خیبرپختونخوا میں حکومت، مرکز میں اہم کردار ادا کریں گے، سراج الحق

پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سے عوام عاجز آ گئے، سراج الحق | urduhumnews.wpengine.com

باجوڑ: متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر اور جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سے عوام عاجز آ گئے ہیں، نظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے عوام جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔

باجوڑ کے تجارتی مرکز خار بازار گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ایم ایم اے نے این اے 40 اور 41 کے لیے ٹکٹس جماعت اسلامی کے نمائندوں کو دیے ہیں ہماری منزل نظام مصطفی ہےاور اس نفاذ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایف سی آر کے کالے قانون سے آزادی کے لیے قبائلی عوام نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، آج قبائل آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں تو اس میں جماعت اسلامی کا بنیادی کردار ہے، باجوڑ کے عوام مذہب پسند ہیں اور عام انتخابات میں جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبائل کی محرومیوں پریشانیوں کے ازالہ کے لیے فاٹا کو سی پیک کے ثمرات سے حصہ ملنا چاہیے، قبائلی علاقوں میں طلبا و طالبات کے ڈگری کالجز، انجینئرنگ و میڈیکل یونیورسٹیز کی ضرورت ہے۔ اسپتالوں، انڈسٹریل زون اور پختہ سڑکوں کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی قبائلی عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ ہے۔

جماعت اسلامی کے سربراہ کا کہنا تحا کہ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت ان شاءاللہ ایم ایم اے بنائے گی جب کہ مرکز میں حکومت سازی میں ایم ایم اے کا بنیادی اور جاندار کردار ہوگا۔

انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سربراہ سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی ملک میں محب وطن اور محب دین قوتوں کی کامیابی کا دن ہو گا۔

باجوڑ میں منعقدہ جلسہ سے مقامی عمائدین کے علاقہ متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں قاری عبدالمجید اور سردار خان نے بھی خطاب کیا۔


متعلقہ خبریں