انتظامیہ نے متوالوں کی گرفتاریاں شروع کردیں، پی ایم ایل (ن)


راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان  نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم  نواز کی پاکستان واپسی سے قبل ہی عہدیداروں و کارکنوں (متوالوں)  کی گرفتاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مطابق گرفتاریوں کے لیے پولیس اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار چھاپے مار رہے ہیں جبکہ زکوۃ کمیٹی گوالمنڈی کے سربراہ محمد شفیق اور ممبر کنٹونمنٹ بورڈ راجا اسماعیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے مطابق زکوۃ کمیٹی صدر بازار حاجی محمود حسین کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا گیا لیکن اہلکاروں کو ناکامی ہوئی کیونکہ وہ پہلے ہی روپوش ہوچکے تھے۔

سابق رکن اسمبلی اورپی ایم ایل (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام کہا ہے کہ وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتے اور شاید کل دوپہر تک خود گرفتاری دے دیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے اب تک ہمارے 250  کے قریب کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے لیکن پھر بھی میاں نواز شریف کو آنے سے کوئی روک نہیں سکتا ہے۔

حینف عباسی نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ یہ سب شیخ رشید احمد کو الیکشن جتوانے کے لیے کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اور ان کے کارکن الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔


متعلقہ خبریں