پشاور حملہ، تحقیقاتی ٹیم کو پانچ دن میں رپورٹ دینے کا حکم


پشاور: یکہ توت خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے سات رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

تحقیقاتی ٹیم خیبرپختونخوا کے انسپکٹرجنرل پولیس (آئی جی پی) محمد طاہر نے تشکیل دی ہے اور اسے پانچ دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سلیم مروت کریں گے، ٹیم میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسرشامل ہیں، ٹیم پانچ دن میں اپنی رپورٹ آئی جی پی، خیبرپختونخوا کو پیش کرے گی۔

اس سے قبل نگراں وزیراعلی خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے سیکیورٹی حکام کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں چیف سیکرٹری کے پی، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ صوبائی حکام نے شرکت کی، نگراں وزیراعلی نے خود کش حملے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز جاوید اقبال نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اب تک پولیس نے جائے وقوعہ کے اردگرد کے علاقوں سے 30 سے 40 مشکوک افراد کو گرفتار کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں