منی لانڈرنگ، حسین لوائی کو کل سپریم کورٹ پیش کیا جائے گا


کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھی اور معروف بینکر حسین لوائی اور طہٰ رضا  کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کردی گئی ہے جب کہ حسین لوائی کو جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

کراچی کی مقامی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، ملزم حسین لوائی اور طہٰ رضا کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

ایف آئی اے نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزمان سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات درکار ہیں، حسین لوائی اور طہٰ رضا کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے کیونکہ ملزموں کا کردار واضح کرنے کے لیے مزید تفتیش کرنی ہے۔

حسین لوائی کے وکیل حیدر امام رضوی نے کہا کہ حسین لوائی کو ہتھکڑی لگا کر میڈیا کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے،  کیا 70 سالہ شخص بھاگ جائے گا، میرے مؤکل کا میڈیا  ٹرائل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی اس انکوائری سے بینکوں میں بحران پیدا ہو رہا ہے کیونکہ روزانہ اربوں روپے بینکوں سے نکالے جا رہے ہیں۔

حیدر امام رضوی نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ملزموں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔


متعلقہ خبریں