زرداری کا سپریم کورٹ پیش نہ ہونے کا فیصلہ


اسلام آباد: سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ از خود نوٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جگہ ان کے وکلا پیش ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا  ہے کہ آصف زرداری کی جگہ سپریم کورٹ پیش ہونے کے لیے وکلا کی ٹیم تشکیل دی جائے گی جس میں فاروق ایچ نائیک، سردار لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن شامل ہوں گے، سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری بھی ان کے ساتھ سپریم کورٹ جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے اس سلسلے میں وکلا سے طویل مشاورت کی ہے جنہوں نے انہیں کل عدالت پیش ہونے سے منع کیا ہے، آصف زرداری کا کہنا ہے کہ اگر سپریم کورٹ براہ راست نوٹس دے تو وہ پیش ہو جائیں گے لیکن آئی جی سندھ  کے ذریعے پیش نہیں ہوں گے۔

دوسری طرف آصف زرداری اور فریال تالپور نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے وقت مانگ لیا ہے، ایف آئی اے نے انہیں بدھ کے روز طلب کیا تھا۔

فاروق ایچ نائیک کے جونیئر وکیل نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ایف آئی اے حکام کو پیش کر دی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انتخابی مصروفیات کی وجہ سے وہ ابھی ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے۔


متعلقہ خبریں