پشاور دھماکہ، سینیٹ اجلاس میں مذمتی قرارداد منظور

سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ کا عمل جاری

اسلام آباد: ایوان بالا یعنی سینیٹ میں پشاور دھماکے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی  گئی ہے جس میں نگراں وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے  ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بدھ کے روز سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر راجہ ظفر الحق نے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظورکرلیا گیا۔ قرارداد کے متن میں درج ہے کہ  بلورخاندان کی قربانیاں ہمشہ یاد رکھی جائیں گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر چوہدری تنویر نے اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند افراد کے علاوہ سب سے سیکیورٹی واپس لی گئی ہے اور سیاسی یتیموں کی حفاظت کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، عمران خان کی گاڑی کے پیچھے رینجرز اور ایلیٹ پولیس سیکیورٹی پر معمور ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا تمام جماعتوں کے ہاتھ باندھ کر ایک کھلاڑی کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، عمران خان اس ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ عمران خان کو نگراں وزیراعظم بنوا دیں۔

نگراں وزیرداخلہ اعظم خان نے پشاور دھماکے سے متعلق سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رپورٹس کے مطابق ہارون بلور کو کارکنان نے چائے کی دعوت دی تھی۔ کارکنان کی دعوت پر ہارون بلور موقعے پر پہنچے تودھماکہ ہوا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب پشاور کے علاقے یکہ توت میں  عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی کارنر میٹنگ کے دوران ہونے والے دھماکے  میں اے این پی کے  صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 78  کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور سمیت  20 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں