ہارون بلور سمیت خود کش دھماکے کے شہدا کی نماز جنازہ ادا


پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی امیدوار ہارون بلور کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ان کی تدفین وزیرباغ میں واقع آبائی قبرستان میں کر دی گئی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے ہارون بلور کی نماز جنازہ وزیر باغ میں ادا کی گئی جس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب احمد خان شیرپاؤ، سینیٹر شاہی سید اور سابق وزرا و اراکین پارلیمنٹ سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث بے انتہا رش تھا جس کی وجہ سے نماز جنازہ کی ادائیگی میں تقریباً 15 منٹ کی تاخیر ہوئی۔

یکہ توت کے علاقے میں ہونے والے خود کش دھماکے کے دیگر دس شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی اور ان کی تدفین رحمان بابا قبرستان میں ہوئی۔

خود کش دھماکے میں ہارون بلور سمیت 20 افراد کی شہادت پر پھولوں کے شہر پشاور کی فضا انتہائی سوگوار ہے اور تمام کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔

اے این پی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے بھی ایک دن کے لیے اپنی انتخابی سرگرمی روک دی ہے۔

خیبرپختونخوا کے ممتاز سیاسی خانوادے سے تعلق رکھنے والے ہارون بلور کے والد بشیر بلور کو بھی 2012 میں دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہیید کیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں