سی ڈی اے اور پیمرا کا بھی ڈیمز فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان میں نئے ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے افسران و ملازمین نے بھی عطیات دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ محکمہ پولیس بلوچستان نے بھی ڈیم کی شفاف تعمیر کے تین  کروڑروپے  سے زائد کی رقم جمع کرا دی ہے۔

آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ کے مطابق ڈیمز فنڈ میں افسران کی دو دن اور جوانوں کی ایک دن کی تنخواہ جمع کرائی گئی ہے جب کہ سی ڈی اے کے افسران اپنی دو دن اور گریڈ ایک سے 15 تک کے ملازمین اپنی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ اسی طرح پیمرا کے افسران دو دن جب کہ اسٹاف ایک دن کی تنخواہ دیامربھاشا اور مہمند (منڈا) ڈیمز فنڈ میں جمع کرائیں گے۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا (کے پی) کے افسران اور واپڈا کے آفیسرز نے بھی اپنی تین دن کی تنخواہ ڈیمز کے لیے قائم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا تھا جب کہ لاہور ہائی کورٹ کے ججز نے ایک، ایک لاکھ روپے جمع کرادیے تھے۔

ڈیموں کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر فنڈ قائم کیا گیا تھا جس میں سب سے پہلے چیف جسٹس نے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ پاک فوج کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ فوجی افسران دو اور جوان ایک روز کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دیں گے۔

چار جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر فوری شروع کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں