نواز شریف کی گرفتاری، احتجاج روکنے کے لیے پولیس کی منصوبہ بندی

نواز شریف کی گرفتاری، احتجاج روکنے کے لیے پولیس کی منصوبہ بندی | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: نواز شریف کی وطن واپسی پر ن لیگ کا ممکنہ احتجاج روکنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جس کے تحت لاہور پولیس کو کارکنوں کو ایئرپورٹ جانے سے روکنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی گرفتاری پر لیگی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیے جانے کا خدشہ ہے جسے روکنے کے لیے حکومت نے اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں۔

ذرائع  کے مطابق پولیس نے کنٹینرز کی مدد سے اہم شاہراہوں کو بلاک کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے جس کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کنٹینرز پکڑنے کی کارروائیوں کے بعد لاہور کی مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز کی لمبی قطاریں لگا دی گئی ہیں۔

پولیس میٹنگ میں بند روڈ اور فیروز پور روڈ سمیت ٹھوکر نیاز بیگ سے ملحقہ تھانوں کے اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) کو کنٹینرز پکڑنے کا حکم دے دیا ہے جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ایئرپورٹ جانے سے روکنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعرات کی شام سے ہی ایئرپورٹ جانے والی سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیے جائیں گے جب کہ اینٹی ریاٹ فورس واٹر کینن کے ساتھ ایئرپورٹ پر تعینات ہوگی اور کارکنوں کے شہر کے باہر سے آنے والے قافلوں کو بھی داخلی راستوں پر ہی روک دیا جائے گا۔

پولیس کی جانب سے پکڑے گئے کنٹینرز ٹرالرز کو انارکلی، لارنس روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت متعدد مقامات پر کھڑا کیا گیا ہے۔

گاڑیوں کے پکڑ دھکڑ پر پریشان ڈرائیورز کہتے ہیں اگر وقت پر انہیں جانے نہ دیا گیا تو کنٹینرز میں موجود لاکھوں روپے کا سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ گل خان نامی ڈرائیور نے ہم نیوز کو بتایا کہ انہیں کوئی کچھ نہیں بتا رہا، بس پکڑ کر ادھر کھڑا کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں