جیل ہو یا پھانسی، قوم کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، نواز شریف

جیل ہو یا پھانسی، قوم کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، نواز شریف | urduhumnews.wpengine.com

لندن/اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے لندن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جیل ہو یا پھانسی، ہر دو صورتوں میں قوم کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، جیل کی کوٹھڑی سامنے دیکھ کر بھی ووٹ کو عزت دو کا وعدہ پورا کروں گا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ ورکرز کنونشن اور نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا وطن مشکل میں ہے اس لیے اپنے وطن اور لوگوں کے لیے واپس جارہا ہوں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کا بے پناہ احترام ہے۔ ملک کے لیے قربانیاں دینے والوں کی قدر کرتا ہوں۔

سیاسی پناہ لینے کے معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے سیاسی پناہ کی خبریں دینے والے سن لیں، واپس پاکستان آرہا ہوں۔

نوازشریف کا کہناتھا کہ میں مقدمہ اس لیے نہیں لڑ رہا تھا کہ مجھے انصاف کی توقع تھی بلکہ اس لیے لڑرہا تھا کہ مجھ سے منسوب جرائم کا سب کو پتہ چل جائے، نیب کورٹ کے جج کو لکھنا پڑا کہ استغاثہ نوازشریف کے خلاف کوئی کرپشن، مالی بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال ثابت نہیں کرسکتا لہذا ان الزامات سے ملزم کو بری کرتا ہوں جب کہ ان سب کے باوجود مجھے، بیٹی اور داماد کو سزائیں سنادی گئیں۔

نواز شریف نے کہا کہ صرف میری بیٹی کو سزا نہیں سنائی بلکہ پوری قوم کی بیٹیوں کی توہین کی گئی ہے، مجھے تو سزائیں قبول ہیں لیکن مریم نواز کا کیا قصور تھا، یہ کونسی ممبر قومی و صوبائی اسمبلی یا پھر سینیٹ کی ممبر تھی جب کہ اس کے پاس تو کوئی عہدہ بھی نہیں تھا پھر بھی اسے 8 سال کی سزا سنادی گئی۔

ن لیگ کے تاحیات چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کا مذاق کب تک اڑایا جائے گا، قوم نے ایک بار پھر انصاف کا حقیقی چہرہ دیکھ لیا ہے۔ ہمیں سزائیں دینے کا فیصلہ کہیں اور ہوچکا تھا جسے پانچ بار تبدیل کرکے سنایا گیا۔


متعلقہ خبریں