نواز شریف کی آمد: نون لیگی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن


لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور پولیس نے مختلف یونین کونسلز کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں سمیت  درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ جمعہ  کو لندن سے وطن واپس پہنچیں گے،  مسلم لیگ نون کی جانب سے لاہور میں اُن کے استقبال کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پولیس کی جانب سے نواز شریف کے استقبال کو روکنے کے لیے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنوں کی  پکڑ دھکڑ شروع  کر دی  گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلعی حکومت کے حکم پر پولیس نے لاہور کی یونین کونسل 17، یونین کونسل 59، یونین کونسل 65، یونین کونسل 66، یونین کونسل 205 اور 209 کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کو حراست میں لے لیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت پر بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جب کہ پولیس کو محکمہ داخلہ کی جانب سے مختلف سیاسی جماعتوں کے شرپسند کارکنوں کی نظربندی کے لیے فہرستیں مل چکی ہیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ لاہور کے تمام سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پیز)  کو سیاسی جماعتوں کے شرپسند کارکنوں کی نظر بندی اور انتخابی ضابطہ اخلاق  پر عملدرآمد کے لیے سخت احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے گرفتاریوں کے خلاف بند روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلائے، مسلم لیگ نون کے رہنماؤں بلال یاسین، ملک پرویز اور خواجہ عمران نذیر نے کارکنوں کی گرفتاریوں کے بعد مختلف تھانوں کا دورہ کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے،  پولیس نے اُن لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن کا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں تھا، انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ نون 13 جولائی کو اپنے قائد کا بھرپور استقبال کرے گی۔

چکوال میں بھی نون لیگی عہدیداروں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جب کہ چھ کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جن میں حاجی برکت رنگ الہٰی، یونین کونسلر مختار احمد سمیت  دیگر شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور پولیس کو نواز شریف کی وطن واپسی پر مسلم لیگ نون کے احتجاج کو روکنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، پولیس نے لاہور کی اہم شاہراہیں بند کرنے کے لیے کنٹینرز پکڑنے شروع  کردیے ہیں جو جمعرات  کی شام  لاہور کی معروف شاہراہوں کے مخصوص مقامات پر لگا دیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بیرون شہر سے لاہور آنے والے قافلوں کو شہر کے داخلی راستوں پر ہی روکا جائے گا۔


متعلقہ خبریں