زرداری اور فریال تالپور کی جگہ فاروق نائیک سپریم کورٹ پیش


اسلام آباد: سپریم کورٹ جعلی اکاؤنٹس از خود نوٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی نمائندگی ان کے وکلا کریں گے۔

سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس از خود نوٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو جمعرات کے روز طلب کیا تھا تاہم بدھ کے روز پیپلزپارٹی کی قیادت نے ان کی جگہ وکلا کے پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

سینئر قانون دان اور سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک نے سپریم کورٹ پہنچنے پر اس کی تصدیق کی اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں دیکھتے ہیں کہ وہاں کون کون ہو گا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینئر قانون دان نیئر حسین بخاری بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں، سپریم کورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیشی کا نوٹس ملا تو اس پر عمل کریں گے۔

کیس کی گزشتہ سماعت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی تھی، رپورٹ کے مطابق ان اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والوں میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں