سپریم کورٹ کا اسحاق ڈار کو فوری وطن واپس لانے کا حکم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو پاکستان واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔

مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹیلی ویژن (ایم ڈی پی ٹی وی)  تقرری کیس میں عدالت نے حکم دیا ہے کہ اسحاق ڈار کو پاکستان واپس لانے کے لیے ملک بھر کی تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز سیکرٹری داخلہ کی مکمل معاونت کریں، اگر کسی نے تعاون نہ کیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے کچھ  نہ کچھ تو کرنا ہوگا، کیا عطا الحق قاسمی کو پندرہ لاکھ  دینے کا کوئی جواز تھا۔

سابق سیکرٹری خزانہ وقار مسعود بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، انہوں نے بتایا کہ عطا الحق قاسمی کی تقرری کی سمری میری جانب سے نہیں بھیجی گئی، تنخواہ کی سمری وزارت اطلاعات نے بھیجی، عطا الحق قاسمی کی 15 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر میں نے اعتراض کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 27 کروڑ روپے کا منظور شدہ پیکج  سے کوئی تعلق نہیں، یہ 27 کروڑ کے بجائے پانچ  کروڑ 40 لاکھ  روپے کا پیکج تھا، 27 کروڑ روپے کے پیکج میں دیگر چیزیں بھی شامل کی گئی ہوں گی۔

پاکستان ٹیلی ویژن کی ریسرچر جویریہ قریشی نے عدالت سے درخواست کی کہ سپریم کورٹ خود  ہی پی ٹی وی میں سے کسی قابل شخص کی بطور مینیجنگ ڈائریکٹر تقرری کرے، عطا الحق قاسمی کو بھی انہی نے چارج دیا تھا جنہوں نے سابق ایم  ڈی  محمد مالک  کو تعنیات کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ فواد حسن فواد کہتے تھے کہ وزیراعظم سیکریٹریٹ کا کوئی لینا دینا نہیں، یہ مقدمہ مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے،  ہو سکتا ہے اسے قومی احتساب بیورو (نیب) میں بھیج دیا جائے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں